سروجنی دیوی اور ملک پیٹ ہاسپٹلس میں سہولت، وزیر صحت ہریش راؤ نے افتتاح کیا
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) حکومت نے سرکاری دواخانوں میں کنٹراکٹ سرجریز کو عصری طور پر انجام دینے کیلئے 3.46 کروڑ کی مالیت سے 12 عصری مشینوں کو حاصل کیا ہے ۔ نئی مشینوں کے ذریعہ ڈاکٹرس کو کنٹراکٹ سرجری کے موثر اور بہتر انعقاد میں مدد ملے گی۔ بینائی سے متعلق یہ آپریشن خانگی شعبہ میں 30 تا 40 ہزار روپئے کے اخراجات پر مبنی ہے لیکن سرکاری طور پر سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل مہدی پٹنم میں مفت آپریشن کی سہولت حاصل ہے۔ 12 نئے اور عصری مشینوں میں دو مشین سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل اور ایک مشین ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل کے لئے الاٹ کیا گیا جبکہ باقی 9 مشین محبوب نگر ، ورنگل ، نظام آباد ، سنگا ریڈی ، عادل آباد ، کریم نگر ، وقار آباد ، نلگنڈہ اور کھمم کے سرکاری دواخانوں میں دستیاب رہیں گے۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے آج سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں نئی مشین کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کو مفت میں کنٹراکٹ سرجریز کی خدمات سرکاری دواخانوں میں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عصری طریقہ سے بینائی کے آپریشن انجام دیئے جاسکیں گے ۔ سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل میں پہلے سے پانچ عصری مشین موجود ہے اور مزید دو مشینوں کا اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں مریضوں کے لئے انتظار کا وقت گھٹ جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حواس خمسہ میں آنکھوں کی بینائی کو ترجیح حاصل ہے۔ حکومت نے بینائی کے تحفظ کے لئے ریاست بھر میں آنکھوں کی روشنی پروگرام منعقد کیا جس کے تحت دیڑھ کروڑ سے زائد افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ بینائی کے تحفظ کے لئے سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹراکٹ سرجری سے متعلق عصری مشین تمام اضلاع کے سرکاری دواخانوں میں دستیاب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت دیہاتوں میں کیمپس منعقد کئے گئے ۔ تقریب میں وزیر داخلہ محمد محمود علی اور رکن اسمبلی نامپلی جعفر حسین معراج موجود تھے۔ر