کنٹراکٹ ملازمین کو باقاعدہ بنانے کی فائیل پر چیف منسٹر کی پہلی دستخط

   

40 محکمہ جات کے 5544 ملازمین کو فائدہ، کے سی آر نے جملہ 6 فائیلوں پر دستخط کئے

حیدرآباد۔/30 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئے سکریٹریٹ میں اپنے چیمبر میں کرسی سنبھالتے ہی کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے سے متعلق فائیل پر دستخط کرتے ہوئے اپنے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ چیف منسٹر نے پہلی دستخط کنٹراکٹ ملازمین کی فائیل پر کرتے ہوئے 5544 ملازمین اور ان کے خاندانوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔ کے سی آر نے اگرچہ 6 مختلف فائیلوں پر دستخط کئے لیکن ان میں پہلی دستخط کنٹراکٹ ملازمین سے متعلق ہے۔40 محکمہ جات کے 5544 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے پر وزیر فینانس ہریش راؤ نے کے سی آر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ جن 5544 کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ان میں 2909 جونیر لیکچررس، 184 جونیر لیکچررس ( ووکیشنل )، 390 پالی ٹیکنک لیکچررس، 270 ڈگری لیکچررس، 131 اٹینڈرس( ٹیکنیکل ایجوکیشن )، 837 ہیلت اسسٹنٹس، 179 لیاب اسسٹنٹس ، 158 فارماسسٹ، 230 اسسٹنٹ ٹریننگ آفیسرس شامل ہیں۔ جن محکمہ جات میں کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا گیا ان میں محکمہ جات پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن، کمشنر انٹر میڈیٹ ایجوکیشن، کمشنر ٹیکنیکل ایجوکیشن، کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر، ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن، ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت، ڈائرکٹر آیوش، گورنمنٹ پلیڈر آفس، پبلک پراسیکیوٹر آفس، کمشنر ایمپلائمنٹ اینڈ ٹریننگ، انجینئرانچیف پنچایت راج، کمشنر انڈومنٹ، کمشنر بہبودی خواتین و اطفال شامل ہیں۔ چیف منسٹر کی دستخط کے بعد محکمہ فینانس کی جانب سے جی او ایم ایس 38 جاری کیا گیا جس میں اسپیشل چیف سکریٹری کے آر کرشنا راؤ نے متعلقہ محکمہ جات کے ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ر