کنٹراکٹ نرسوں کو گذشتہ پانچ مہینوں سے تنخواہوں کی عدم اجرائی

   

ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے دفتر پر نرسیس کا مظاہرہ ۔ فوری تنخواہیں جاری کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔23۔ستمبر ۔(سیاست نیوز) کورونا وائر س کے دور میں حکومت سے کنٹراکٹ اساس پر جن نرسوں کی خدمات حاصل کی گئی تھی اور انہیں مختلف دواخانوں میں تقرر فراہم کیاگیا تھا ان 160 نرسوں کو گذشتہ 5ماہ سے تنخواہوں کی عدم اجرائی کے خلاف نرسوں نے آج ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے دفتر کوٹھی پر مظاہرہ کرکے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری کنٹراکٹ نرسوں کی تنخواہوں کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ کورونا کے دوران طبی عملہ کی قلت پر حکومت سے کنٹراکٹ کے اساس پر نرسوں کا تقرر کیا گیا تھا لیکن گذشتہ 5ماہ سے ان کی تنخواہوں کی عدم اجرائی پر نرسوں نے احتجاج کرکے انتباہ دیا کہ اگر ان کی تنخواہیں جاری نہیںکی گئیں تو وہ خدمات کا بائیکاٹ کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ بتایا گیا کہ محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کو گذشتہ تین ماہ سے نمائندگی کی جا رہی ہے ، کہا جارہا ہے کہ نرسوں کی خدمات لازمی خدمات کا حصہ ہیں اس کے باوجود ان کی تنخواہوں کی عدم اجرائی سے نرسیں معاشی مشکلات کا شکار ہونے لگی ہیں۔احتجاجی نرسوں نے بتایا کہ اعلیٰ سرکاری عہدیدار بھی ان کے مسائل سے واقف ہیں لیکن ان کے حل پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے بلکہ ٹال مٹول سے کام لیاجارہا ہے۔ مظاہرہ میں شامل نرسوں نے بتایا کہ اب جبکہ دسہرہ تہوار شروع ہوچکا ہے ایسے میں بھی ان کی 5ماہ کی تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں تو انہیں احتجاج میں شدت پیدا کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں ہے علاوہ ازیں گذشتہ 5ماہ سے کنٹراکٹ نرسیس اخراجات کی پابجائی کیلئے قرض حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔3