کنٹراکٹ و آؤٹ سورسنگ ملازمین کو بروقت تنخواہیں

   

محکمہ صحت و طبابت کے اجلاس ، وزراء ایٹالہ راجندر اور ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔16 اکٹوبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے آئندہ سے ریاست کے تمام کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ہر ماہ 7 تاریخ تک تنخواہ ادا کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ فی الوقت ریاست میں مختلف محکمہ جات میں 1.20 لاکھ کنٹراکٹ و آؤٹ سورسنگ ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہ حاصل نہ ہونے کی متعدد شکایات پائی جارہی ہیں ۔ اس طرح مختلف محکمہ جات میں کئی ماہ تک آؤٹ سورسنگ ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں ۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاستی محکمہ صحت و طبابت میں کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو گذشتہ تین تا چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کئے جانے کی شکایات ہیں ۔ اسی دوران گذشتہ چند دنوں کے دوران شہر حیدرآباد میں ڈینگو اور متعدد زہریلے بخار ( وائرل فیور) کی وجہ سے شہر کے دواخانوں میں مریضوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے دواخانوں کا دورہ کرنے والے ریاستی وزراء بالخصوص مسرس ٹی ہریش راؤ اور ای راجندر کا کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کے بڑے گروپس نے انہیں روک کر گھیراؤ کیا ۔ جس پر وزیرنے واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیا اور ریاستی محکمہ صحت و طبابت میں تنخواہوں کو مقررہ وقت پر ادا کرنے کیلئے فی الوقتموثر اقدامات کرنے وزیر فینانس مسٹر ٹی ہریش راؤ سے اپنا ایک خصوصی مکتوب روانہ کرتے ہوئے پُرزور خواہش کی ۔ بتایا جاتا ہیکہ وزیر صحت و طبابت مسٹر ای راجندر کی خواہش پر گذشتہ دن ہی ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مسٹر ہریش راؤ اور ای راجندر نے اجلاس طلب کیا جس میںملازمین کے درپیش مسائل کا دونوں ہی وزراء نے تفصیلی غوروخوص کرنے کے بعد تمام ریاستی سرکاری ملازمین وغیرہ کو ہر ماہ پہلی تاریخ کو تنخواہ ادا کردینے اور کنٹراکٹ کی اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین اور آؤٹ سورسنگ کے تحت خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ہر ماہ کی 7 تاریخ تک تنخواہیں ادا کرنے کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کا دونوں ہی وزراء نے متفقہ فیصلہ کر کے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو برسرموقع احکامات دیئے ۔