کنٹراکٹ پر اساتذہ کی تقررات کے خلاف ہڑتال

   

نئی دہلی، 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)دہلی یونیورسٹی ٹیچرس یونین نے اساتذہ کی کنٹراکٹ پر تقرر کی کوششوں کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے 16 جنوری کو اچانک ہڑتال کرنے اور کنٹراکٹ (معاہدوں) سسٹم کو فور ی طور ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ٹیچرس د یونین کے صدر راجیب رے اور سیکرٹری وویک چودھری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت کی ہدایات پر یونیورسٹی میں اساتذہ کی ٹھیکے پر تقرری کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی کے ضابطوں اور آرڈیننس میں اس کا کوئی التزام نہیں ہے ۔ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کی اکیڈمی کونسل کی میٹنگ میں ذیلی کمیٹی کی سفارشات پیش کرنے کے بجائے وزارت کے ہدایات پر کنٹریکٹ پر تقرریوں کو منظور کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جو ہمیں قبول نہیں ہے ۔ یونیورسٹی میں برسوں سے پڑھا نے والے چار ہزار اساتذہ کو مستقل کرنے کے بجائے وائس چانسلر وزارت کے سامنے گھٹنے ٹیک رہے ہیں۔ لہذا اساتذہ نے اس کے خلاف 16 جنوری کو اچانک ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ 17-18 جنوری کو پہلے سے طے شدہ احتجاجی مظاہرے کا پروگرام جاری رہے گا۔