سکریٹری بلدی نظم و نسق ‘ مقامی فوجی اتھاریٹی سے تبادلہ خیال کرینگے
حیدرآباد۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اروند کمار سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میںک چھ سڑکوں کو بند کئے جانے کے سلسلہ میں مقامی فوجی اتھاریٹی سے ابتدائی ملاقات کرینگے ۔ یہ ملاقات ریاستی وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راو کی ہدایت پر ہو رہی ہے ۔ اروند کمار نے وزیر موصوف کے ٹوئیٹ پر اپنے رد عمل میں کہا کہ وہ اس مسئلہ کو جنرل آفیسر کمانڈنگ تلنگانہ و اے پی ایریا سے رجوع کرینگے اور ان کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے جلدا ز جلد اتفاق رائے سے ان راستوں کو دوبارہ عوام کیلئے کھولنے کی کوشش کرینگے ۔ واضح رہے کہ سینک پوری کے مکینوں نے وزیر موصوف کو ٹوئیٹ کیا تھا اور سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں انہیں پیش آنے والی مشکلات سے واقف کروایا تھا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے مقامی فوجی اتھاریٹی کے ساتھ سڑکوں کو دوبارہ عوام کیلئے کھولنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ کے ٹی راما راو نے واضح کیا تھا کہ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار مقامی فوجی اتھاریٹی کے ساتھ سکندرآباد کنٹونمنٹ علاقہ میں سڑکوں کو بند کئے جانے کے سلسلہ میں بات چیت کرینگے ۔ کے ٹی آر نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں اور انہیں غیر ضروری مشکلات وغیرہ کو دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔