کنٹونمنٹ علاقہ میں متعدد ترقیاتی کام

   

ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد : وزیر برائے افزائش مویشیاں، سمکیات، فروغ ڈیری اور سینیماٹوگرافی ٹی۔سرینواس یادو نے کہا کہ سکندرآباد کنٹونمنٹ حلقہ میں وزیر اعلی کے۔ چندر شیکھر راؤ اور وزیر بلدیہ کی ہدایت پر متعدد ترقیاتی پروگرام انجام دیئے جارہے ہیں ۔ وزیر لیبر ملاریڈی ، محکمہ میونسپل کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار ، واٹر ورکس ای ڈی ستیانارائن ، کنٹونمنٹ کے سی ای او اجیت ریڈی، ایس وی آر چندرا شیکھر، بورڈ ممبران ، و دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ جس میں وزیر سری نواس یادو نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے لوگوں کو ماضی میں بہت سارے معاملات کے ساتھ شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اب وزیر بلدیہ کے ٹی آر کے اقدام سے قدم بہ قدم سے مسائل حل ہو رہے ہیں۔ پینے کا پانی مستقل فراہم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ 50 ہزار گیلن پانی کی فراہمی ناکافی ہے ، اور مقامی لوگوں کی درخواست کے فورا بعد ہی پانی کی فراہمی میں اضافہ کرنے کے لئے کارروائی کی جائے گی۔ سرینواس یادو نے کہا کہ پاٹنی اور پکیٹ نالہ میں گندگی کو ختم کرنے اور ترقیاتی کاموں کے لئے 96 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی اور جلد ہی کام شروع کردیا جائیگا۔ اس اجلاس میں بورڈ ممبران سدا کشیو ریڈی ، پانڈو یادو ، مہیشور ریڈی ، لوکاناڈھم ، انیتا پربھاکر ، زونل کمشنر سرینواس ریڈی ، ایس ای انیل راج ، ای ای سرینواس ، واٹر ورکس سی جی ایم پروین اور راج شیکھر و دیگر نے شرکت کی۔