لوک سبھا میں ریونت ریڈی کی نمائندگی
حیدرآباد۔ 27 جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کنٹونمنٹ میں فوج کی جانب سے عوام کو راہداری فراہم کرنے میں رکاوٹ پیدا کرنے کا مسئلہ لوک سبھا میں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا ملکاجگری ملک کا سب سے بڑا انتخابی حلقہ ہے۔ 32 لاکھ 50 ہزار رائے دہندے ہیں۔ لوک سبھا حلقے میں بہار، گجرات، مہاراشٹرا، تاملناڈو، راجستھان، کرناٹک اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں۔ ملکاجگری منی انڈیا سے موسوم ہے۔ اس حلقے میں 10 لاکھ افراد کنٹونمنٹ کی سڑک کا استعمال کرتے ہیں۔ وقفہ وقفہ سے فوج کی جانب سے سڑک کے استعمال پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔ وزیر دفاع کی جانب سے ہدایت دیئے جانے کے باوجود 15 تا 20 دنوں میں دوبارہ ٹریفک پر پابندی عائد کی جارہی ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اب جبکہ تعلیمی اداروں کا آغاز ہوچکا ہے۔ عوام کو غیر معمولی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ایک دن اچانک سڑک بند کردینے سے طلبہ وقت پر اسکولس نہیں پہنچ سکے اور اسکول انتظامیہ نے انہیں داخلے سے روک دیا۔ ریونت ریڈی نے محکمہ دفاع، کنٹونمنٹ حکام اور ریاستی حکومت کے عہدیداروں کے مشترکہ اجلاس کی تجویز پیش کی تاکہ اس مسئلہ کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے۔
