کنڈا پور سڑک حادثہ،3 افراد گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے کنڈا پور سڑک حادثہ میں 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جس میں ایک پب کا مالک بھی شامل ہے۔ انسپکٹر پولیس گچی باؤلی پولیس اسٹیشن مسٹر سریش نے بتایا کہ یکم اگسٹ کو پیش آئے حادثہ میں 23 سالہ اشریتا ہلاک ہوگئی تھی اس حادثہ کی اصل وجہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا تھا اور گاڑی ابھیشک چلارہا تھا۔ گچی باؤلی پولیس نے اس حادثہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی اور اسناٹ پب کے مالک اور منیجر کو بھی قانونی دائرہ میں لے لیا۔ ابھیشک کے خلاف غیر ارادتی طور پر قتل کا سنگین مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ساتھ پب کے مالک سوریہ ناتھ اور منیجر پرتیش کو بھی اس واقعہ میں کارروائی کیلئے قصور وار قرار دیا چونکہ یکم اگسٹ تا 2 اگسٹ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود میں شراب کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی اور باضابطہ طور پر کمشنر پولیس کی جانب سے اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس نوٹیفکیشن کے مطابق ڈرائی ڈے مقرر کیا گیا تھا باوجود اس کے اسناٹ پب میں اس رات شراب فروخت کی گئی تھی۔ اس پب میں 6 ساتھی بشمول متوفی اشریتا جو کینیڈا سے گزشتہ دنوں حیدرآباد آئی تھی جو کینیڈا میں ایم ٹیک کی تعلیم حاصل کررہی تھی کے ہمراہ شروتی، سائی پرکاش، ابھیشک اور دیگر دو ساتھی وجئے اور چنیا بھی شامل تھے۔ پب میں شراب نوشی کے بعد چاروں ایک کار میں سوار تھے جو حادثہ کا شکار ہوگئی اور اشریتا ہلاک ہوگئی۔ پولیس اس معاملہ میں سائی پرکاش کو تلاش کررہی ہے جو فرار ہوگیا۔ گچی باؤلی پولیس مصروف تحقیقات ہے۔