کنڑ کے راکنگ اسٹار یش کی ہیرو کے روپ میں سوپر ہٹ کنڑ فلم ’’کے جی ایف‘‘ نے کنڑ تلگو، تمل اور ہندی میں تہلکہ مچایا تھا۔ اس فلم کی عام لوگوں کے ساتھ بالی ووڈ اور ساوتھ کے نامی ستاروں نے بھی کافی تعریف کی تھی۔ اب اس فلم کے سیکویل ’’کے جی ایف 2‘‘ میں ایک اہم کردار میں بالی ووڈ اداکار سنجے دت نظر آئیں گے۔ فلم میں ان کے کردار سے متعلق ایک پوسٹر ریلیز کیاگیا ہے۔ اس فلم میں ’’ادھیرا‘‘ کے کردار میں سنجے دت ایک نئے انداز میں نظر آرہے ہیں۔ ریلیز کئے گئے پوسٹر میں سنجے اپنا چہرہ چھپاتے ہوئے پرتجسس نگاہوں سے کسی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ یہ پوسٹر سوشل میڈیا میں خوب وائرل ہوچکا ہے اس کے علاوہ تلگو کی سوپر ہٹ فلم ’’پرستھانم‘‘ کی بالی ووڈ ری میک میں بھی سنجے دت کام کررہے ہیں۔ اس فلم کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا۔ فی الحال سنجے دت ساوتھ کی فلموں میں مصروف ہوچکے ہیں۔