سیؤل ۔/7ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دورہ جنوبی کوریا کے آخری دن غیر فوجی منطقہ کا سفر کیا۔ یہ وہی مقام ہے جہاں میزبان ملک کے صدر مونجے۔ اِن نے گزشتہ سال اپریل کے دوران شمالی کوریا کے لیڈر کنگ جان۔ اُن سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ان دو پڑوسی ملکوں کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری دشمنی و مخاصمت میں قابل لحاظ کمی ہوئی تھی۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اپنے سہ روزہ دورہ میں جنوبی کوریا کے سرکردہ فوجی ذمہ داروں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ راجناتھ سنگھ نے جمعہ کو اپنے جنوبی کوریائی ہم منصب جیونگ کیونگ ۔ ڈو سے ملاقات کے موقع پر باہمی دفاعی تعلقات بالخصوص دونوں ملکوں کے دفاعی اداروں کے مابین تعاون میں فروغ پر تفصیلی گفت و شنید کی۔ راجناتھ سنگھ نے بعد ازاں ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ تاریخی مقام کا دورہ کیا جہاں جنوبی کوریا کے صدر مونجے اِن اور شمالی کوریا کے لیڈر کنگ جان اُن نے 27اپریل 2018کو پانمون جونگ میں بین کوریائی چوٹی ملاقات کے دوران پودا لگانے کی تقریب میں حصہ لیا تھا۔‘‘
