ریاض ۔ سعودی عرب اور بحرین کو جوڑنے والے کنگ فہد پل کی انتظامیہ نے بحرین جانے والوں کے لئے سفری ضوابط جاری کئے ہیں۔ انتظامیہ نے پانچ زمروں میں شامل افرادکوکورونا لیباریٹری ٹسٹ کی پابندی سے استثنیٰ دیا ہے۔مقامی میڈیا مطابق کنگ فہد پل انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ سفارتکار ان کے اہل و عیال، سرکاری مہم انجام دے کر واپس آنے والے، سرکاری فرائض انجام دینے والے عسکری، ان کے اہل و عیال، وزارت صحت کے خرچ پر علاج کے بعد واپس آنے والے اور ان کے اہل خانہ، بحرین میں کورونا کے کلینکل ٹرائلز میں حصہ لینے والے اور چھ برس سے کم عمر کے بچے کورونا لیباریٹری ٹسٹ سرٹیفکیٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔ کنگ فہد پل انتظامیہ نے کہا ہے کہ بحرین جانے والوں کو پیشگی کورونا لیباریٹری ٹسٹ کی پابندی کرنا ہوگی۔ ٹسٹ کا نتیجہ 72 گھنٹے کے لئے موثر ہوگا۔ جن لوگوں نے یہ ٹسٹ نہیں کروایا ہوگا تو انہیں 400 سعودی ریال فیس دے کر ٹسٹ کروانا ہوگا۔