ریاض : سعودی عرب کے شہر ظہران میں کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم اینڈ مِنرلز نے سال 2021-22 ء کے لیے گریجویشن پروگرام میں طلبہ و طالبات کی جانب سے داخلوں کی درخواستیں وصول کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ یونیورسٹی گریجویشن پروگرام میں طالبات کو داخلہ دے رہی ہے۔سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے اس موقع پر جاری بیان میں خادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے تعلیمی سیکٹر کے لیے عمومی اور یونیورسٹی کی تعلیم کے لیے خصوصی سپورٹ اور توجہ پر دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔سعودی وزیر کے مطابق کنگ فہد یونیورسٹی آف پٹرولیم اینڈ مِنرلز نے گریجویشن پروگرام میں طالبات کو داخلہ دینے کا فیصلہ ایسے موقع پر کیا ہے جب سعودی قیادت اور عوام ’ویژن 2030ء‘ پروگرام کے پانچ سال کی تکمیل منا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ طالبات کے داخلہ لینے سے وہ ملکی اور عالمی سطح پر انجینئرنگ کے میدان میں ایک مؤقر تعلیمی ادارے سے مستفید ہو سکیں گی۔رواں سال یونیورسٹی کے گریجویشن پروگرام میں 20% داخلے طالبات کو دیے جائیں گے۔ آئندہ سال اس تناسب کو بڑھا کر 40% تک کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں طلبہ و طالبات کے لیے یہ سلسلہ میرٹ کی بنیاد پر جاری رہے گا۔شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کے مطابق کنگ فہد پٹرولیم یونیورسٹی کے قیام کے بعد سے اب تک 40 ہزار کے قریب طلبہ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔کنگ فہد یونیورسٹی گریجویشن پروگرام کے مرحلے میں اسپیشلائزیشن کی 34 سے زیادہ فیلڈز پیش کرتی ہے جن کا تقاضا جدید ٹکنالوجی اور جدید معیشت کرتی ہے۔