ریاض۔22 ستمبر (ایجنسیز) کنگ فیصل یونیورسٹی کو بین الاقوامی اسوسی ایشن آف سائنس پارکس اینڈ ایریاز آف انوویشن (آئی اے ایس پی ) کی جانب سے باضابطہ طور پر انوویشن ڈسٹرکٹ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ اعلان 15 تا 19 ستمبرکو بیجنگ، چین میں منعقد ہونے والی 42 ویں آئی اے ایس پی ورلڈ کانفرنس برائے سائنس پارکس اور انوویشن ایریازکے دوران کیا گیا۔ ڈاکٹر عبد الرحمن ال لیلی، جو پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز اور سائنسی تحقیق کے نائب صدر اور انوویشن و بزنس ڈیولپمنٹ سیکٹر کے قائم مقام سربراہ ہیں، انہوں نے کنگ فیصل یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز قبول کیا۔ ال لیلی نے اس شناخت کو یونیورسٹی کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے سعودی وژن 2030 کے مطابق تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کی وابستگی کو دوہرایا۔انہوں نے مزید کہا کہ انوویشن ڈسٹرکٹ کی حیثیت یونیورسٹی کے عالمی تحقیق اور انوویشن نیٹ ورکس میں کردارکو مضبوط بناتی ہے اور دنیا بھر کے نمایاں اداروں کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع پیدا کرتی ہے۔کنگ فیصل یونیورسٹی کی آئی اے ایس پی میں رکنیت اسے سائنس اور انوویشن ہبزکے ایک ممتاز عالمی نیٹ ورک میں شامل کرتی ہے۔ یہ سنگ میل یونیورسٹیوں کے امور کے کونسل اور ریسرچ، ڈویلپمنٹ اور انوویشن اتھارٹی کی مسلسل حمایت کو بھی اجاگرکرتا ہے، جن کی کوششیں سعودی یونیورسٹیوں کو علم اور جدت کے محرک کے طور پر ابھرنے کے قابل بنا رہی ہیں اور مملکت کی عالمی انوویشن کے نقشے پر موجودگی کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہیں۔