اسٹاف کو مشکلات کا سامنا، دیگر دواخانوں کو منتقل کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر کے نتیجہ میں سرکاری دواخانوں میں متاثرہ مریضوںکی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے ۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلہ تین گنا اضافہ درج کیا گیا ۔ مریضوں کی اس قدر بڑھتی تعداد کے نتیجہ میں ہاسپٹل کے اسٹاف نے احتجاج کرتے ہوئے سابقہ سسٹم بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مریضوں کو دیگر سرکاری دواخانے منتقل کرنے اور کووڈ وارڈس میں خدمات انجام دینے والے اسٹاف کو آئسولیشن لیو منظور کرنے کی مانگ کی ہے۔ ہاسپٹل کے اسٹاف نرسیس ، وارڈ بوائز ، لیاب ٹیکنیشن اور درجہ چہارم ملازمین نے احتجاج میں حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ کنگ کوٹھی ہاسپٹل کو کووڈ سنٹر میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں روزانہ 200 سے زائد مریض رجوع ہورہے ہیں ، 100 سے زائد کورونا پازیٹیو پائے جاتے ہیں۔ مریضوں کی اس قدر زائد تعداد اسٹاف کیلئے تشویش کا باعث بن چکی ہے۔ ہاسپٹل میں 250 سے زائد کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ ہاسپٹل میں 58 نرس تین شفٹوں میں خدمات انجام دیتی ہیں۔ اسٹاف کا کہنا ہے کہ کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر حکومت کو اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کرنا چاہئے اور مریضوں کو دیگر سرکاری دواخانوں کو منتقل کیا جائے ۔