کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں 350 بستروں کا انتظام: کے ٹی آر

,

   

حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز) کنگ کوٹھی دواخانہ مکمل طور پر کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوںکو رکھنے کیلئے تیار کرلیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس دواخانہ کو حاصل کرنے کے بعد صفائی کے انتظامات کرواتے ہوئے اسے 350 بستروں پر مشتمل دواخانہ میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤنے بتایا کہ ضلع ہاسپٹل حیدرآباد کنگ کوٹھی کو حاصل کرتے ہوئے 350 بستروں پر مشتمل دواخانہ تیار کیا جاچکاہے۔کے ٹی راما راؤنے بتایا کہ شہر حیدرآبادگاندھی ہاسپٹل کے علاوہ اب ریاستی حکومت کے پاس چیسٹ ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی دواخانہ موجود ہے اور حکومت ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے ریاست تلنگانہ میں پھنسے ہوئے دیگر ریاستوں کے شہریوں کو خوفزدہ نہ ہونے اور جہاں ہیں وہیں رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ریاستی حکومت کی جانب سے تمام کیلئے کھانے کی فراہمی کے انتظامات کے علاوہ شہر حیدرآباد میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کے ٹی آرکنگ کوٹھی ہاسپٹل میں شروع کی جانے والی سہولتوںکا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس دواخانہ کو کورونا وائرس کے مریضوں کی تشخیص اور علاج و معالجہ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔حکومت کی جانب سے گچی باؤلی اسٹیڈیم کو عارضی دواخانہ میں تبدیل کرنے کے اقدامات جاری ہیں اور خانگی میڈیکل کالجس کے تحت چلائے جانے والے دواخانوں کو حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔