کنہیا کمار و دیگر کے خلاف غداری کا مقدمہ … موقف رپورٹ پیش کرنے دہلی حکومت کو ہدایت

   

نئی دہلی ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور دیگر کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ چلانے پر پابندی سے متعلق 3 اپریل تک اپنے موقف کی رپورٹ داخل کرنے کی دہلی حکومت کو ہدایت دی ہے۔ چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ پرشوتم پھاٹک نے اس سلسلہ میں دہلی پولیس سے کہا کہ وہ مقامی حکومت کو یادداشت حوالہ کرے ۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے کنہیا کمار اور دیگر کے خلاف مقدمہ چلانے کیلئے تاحال اجازت نہ دینے سے متعلق درخواست دی تھی جو جی این سی ٹی ڈی کے پاس زیرالتواء ہے۔ پولیس نے 14 جنوری کو کنہیا کمار اور دیگر کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی جن میں عمرخالد اور انرین بھٹاچاریہ بھی شامل ہیں۔ ان پر الزام ہیکہ انہوں نے 9 فبروری 2016ء کیمپس میں ایک جلوس کی قیادت کی تھی جس ملک سے غداری جیسے نعروں کی حمایت کی تھی۔