بھوپال: کانگریس نے آج مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست جاری کی، جس میں گاندھی خاندان کے تین افراد سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی اور پارٹی کے نوجوانوں رہنما کنہیا کمار کے نام بھی شامل ہیں۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، ریاستی کانگریس صدر کمل ناتھ، پارٹی کے ریاستی انچارج رندیپ سرجے والا، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر گووند سنگھ، سینئر لیڈر ڈگ وجے سنگھ، سریش پچوری، کانتی لال بھوریا، ارون یادو کے نام بھی فہرست میں شامل ہیں۔ ریاستی صدر کمل ناتھ کے ایم پی بیٹے نکول ناتھ نے بھی کانگریس کے اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے ۔ مدھیہ پردیش انتخابات کیلئے اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست میں کانگریس کی حکومت والی دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام بھی شامل ہیں۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت، چھتیس گڑھ کے بھوپیش بگھیل اور ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو بھی ریاست میں کانگریس کیلئے مہم میں آئیں گے ۔ راجستھان کانگریس کے سینئر لیڈر سچن پائلٹ اور اتر پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر راج ببر بھی مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے لیے ووٹ مانگیں گے ۔
پارٹی نے مدھیہ پردیش کے سابق وزراء جیتو پٹواری، کملیشور پٹیل، اومکار سنگھ مارکم، اپوزیشن کے سابق لیڈر اجے سنگھ اور ممبران پارلیمنٹ وویک تنکھا اور راجمنی پٹیل کو بھی ریاست میں اپنے اسٹار کمپینر قرار دیا ہے ۔ ریاست میں کانگریس کا ایک جانا پہچانا چہرہ میناکشی نٹراجن نے بھی اس فہرست میں جگہ بنائی ہے ۔
