کنہیا کمار کیخلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے دہلی حکومت کی منظوری

,

   

نئی دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی حکومت نے جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کے خلاف غداری کا مقدمہ دائر کرنے سٹی پولیس کو اجازت دے دی ہے۔ 4 سال پرانے غداری کیس کے ساتھ دیگر 9 کیسوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ حکمراں عام آدمی پارٹی نے اِس معاملہ میں کارروائی روکنے کے بی جے پی کے الزام کو مسترد کردیا۔ عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی اور ترجمان رگھو چڈھا نے کہاکہ محکمہ قانون نے اِس معاملہ میں اپنی رائے دے دی ہے اور محکمہ داخلہ نے بھی اِسے منظوری دی ہے۔ 20 فروری کو ہی دہلی حکومت نے کنہیا کمار کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی منظوری دی تھی۔ دہلی یونٹ کے بی جے پی صدر منوج تیواری نے اِس تبدیلی کا خیرمقدم کیا لیکن کہاکہ کجریوال حکومت نے موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ منظوری دی ہے۔ چڈھا نے کہاکہ یہ سارا عمل ایک مقررہ اُصول کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عدلیہ اور اِس سے متعلق تمام اُمور کیلئے ہر کیس کی اساس پر فیصلہ کیا جانا چاہئے۔ دہلی حکومت نے کسی کیس میں بھی مداخلت نہیں کی اور ہر کیس کو اُس کی نوعیت کے مطابق دیکھا ہے۔