کنہیا کمار کی سیاسی و قانونی مدد کرنے سی پی آئی کا فیصلہ

,

   

غداری مقدمہ چلانے کی اجازت دینے پر دہلی حکومت کا شکریہ ، کنہیا کمار کا طنزیہ ریمارک
نئی دہلی۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی نے ہفتہ کو کہا کہ وہ اپنے لیڈر کنہیا کمار کے خلاف غداری کیس میں قانونی اور سیاسی طور پر مدد کرے گی۔ سی پی آئی نے الزام عائد کیا کہ قومی دارالحکومت میں عام آدمی پارٹی کی حکومت سیاسی دباؤ کا شکار ہوگئی۔ سابق صدر جے این یو ایس یو کنہیا کمار نے طنزیہ ریمارک میں حکومت ِ دہلی کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے 2016ء میں غداری کیس میں مقدمہ کی کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دی ہے۔ کنہیا نے اپیل کی کہ ٹیلی ویںن پر بحث و مباحثہ کے بجائے قانون کی عدالت میں عاجلانہ سنوائی ہو تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز تر ٹرائیل سے ظاہر ہوجائے گا کہ کس طرح غداری سے متعلق قانون کا سیاسی مقاصد کیلئے بیجا استعمال کرتے ہوئے عوام کی توجہ ان کے بنیادی مسائل سے ہٹائی جارہی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے نیشنل سیکریٹریٹ نے کہا کہ ان کا قانونی شعبہ کنہیا کمار کی مدد کرے گا اور پارٹی کو اعتماد ہے کہ کنہیا کمار بے قصور ثابت ہوں گے کیونکہ ان پر عائد الزامات جھوٹے اور سیاسی مقصد براری پر مبنی ہے۔ سی پی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ اروند کجریوال حکومت بدبختی سے سیاسی دباؤ کا شکار ہوگئی اور کنہیا پر مقدمہ چلانے کی اجازت دے دی۔ ایک وقت تھا جب چیف منسٹر کجریوال نے خود کہا تھا کہ کنہیا کے خلاف غداری کا کوئی کیس نہیں بنتا اور متعلقہ ویڈیوز توڑ مروڑ کر بنائے گئے ہیں۔ سی پی آئی نے کہا کہ ابھی یہ پتہ نہیں چلا کہ کجریوال کی رائے اچانک کیوں بدل گئی۔