انتخابات سے عین قبل دہلی پولیس کی کارروائی کی مذمت : صدر اے آئی ایس ایف ولی اللہ قادری
حیدرآباد۔14جنوری(سیاست نیوز) قومی صدر سید ولی اللہ قادری نے جواہر لال نہرویونیورسٹی( جے این یو ایس یو)کے سابق طلبہ کنہیاکمار‘ عمر خالد‘انیربن بھٹاچاریہ کے خلاف دہلی پولیس کی چارج شیٹ کو مرکزی حکومت کی ایک بڑی سازش کا حصہ قراردیا جس کے ذریعہ حکومت اور پولیس انصاف کے لئے اٹھانے والی آواز وں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔سید ولی اللہ قادری نے مرکز ی حکومت سے استفسار کیا کہ آیاتین سال بعد اور مجوزہ پارلیمانی الیکشن سے عین قبل چارج شیٹ داخل کرنے کی ضرورت کیوںپڑی۔ انہوں نے کہاکہ یہ محض کنہیا کمار کی بڑھتی مقبولیت اور 2019کے لوک سبھاالیکشن میں امیدواری کا خوف ہے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی میں اگر مخالف ملک نعرے لگائے ہیں اور اس میں کنہیاکماراور ان کے ساتھی شامل تھے توپولیس کو چارج شیٹ تیار کرنے میںتین سال کا وقت کیوں لگا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مبینہ مخالف ملک نعروں کے ویڈیوز میںکہیں پر بھی کنہیا کمار اور ان کے ساتھی دیکھائی نہیں دے رہے ہیںاور جن ویڈیوز کو پیش کیاگیاہے اس کے متعلق واضح ہوگیاتھا کہ ویڈیوز کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے ۔ سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ بی جے پی حکومت او رپولیس ملک کر جواہرلال نہرویونیورسٹی کے نا م کو متاثر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی تمام قومی یونیورسٹیو ںمیں فرقہ پرست ذہنیت کے حامل وائس چانسلروں کا تقرر عمل میںلاتے ہوئے وہاں کے ماحول کو خراب کیاجارہا ہے۔سید ولی اللہ قادری نے عدالت میںچارج شیٹ داخل ہونے کے ساتھ ٹیلی و یثرن نیوز چیانلوں پر فیصلے سنائے جانے شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کسی ٹیلی ویثرن چیانل کا نام لئے بغیر کہاکہ زیادہ تر ٹیلی ویثرن چیانل چارج شیٹ داخل ہونے کے ساتھ ہی کنہیاکمار‘ عمر خالد اور ساتھیو ںکو ملک کاغدار ثابت کرنے میں سبقت حاصل کرنے کی دوڑ میںلگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اے آئی ایس ایف پولیس چارج شیٹ کی سختی کے ساتھ مذمت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کرتی ہے کہ ہم کنہیاکمار اور ساتھیوں کو انصاف ملنے تک سڑکوں پر اتر کر احتجاج کریں گے اور حکومت کی طلبہ او رنوجوان دشمن پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کاکام کریں گے۔