پٹنہ: بہار میں کانگریس کے ریاستی صدر راجیش کمار نے جمعہ کو آئندہ اسمبلی انتخابات میں کنہیا کمار کی شمولیت اور حالیہ مندر دھلوانے کے تنازعہ پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوامی مفاد کے مسائل پر بہترین مقررین کو آگے لاتی ہے اور انہیں عوام سے جوڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنہیا کمار کو سب دیکھ اور سن رہے ہیں۔ کانگریس تنظیم کا کام ہے کہ وہ بہترین مقررین کو عوامی مسائل کے لیے میدان میں اتارے۔ بہار میں انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ’انڈیا‘ اتحاد میں شامل جماعتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلے گی۔ انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برسراقتدار حکومت بے روزگاری، نوجوانوں اور دلتوں کے حقوق پر توجہ دینے کے بجائے مذہبی مسائل کو ہوا دے رہی ہے۔ کنہیا کمار کی ’’پالایَن روکو یاترا‘‘ کے دوران سہرسا میں ایک مندر جانے کے بعد اس مندر کو دھلوا دیا گیا۔ اس پر راجیش کمار نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک آئین کے تحت چلتا ہے، جسے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے تیار کیا تھا۔ آئین میں مذہبی آزادی بنیادی حق ہے۔ کوئی بھی شخص مندر، مسجد، گرودوارہ یا چرچ میں جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہار حکومت مذہبی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور سماج میں تفریق پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی مندر میں دلتوں کا جانا منع تھا، مگر اب تو پرشورام سماج کے لوگوں کو بھی روکا جا رہا ہے۔ یہ عوام کے لیے سوچنے کا مقام ہے کہ ملک کس سمت جا رہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملات کو عوام کے فیصلے پر چھوڑ دینا چاہیے۔ عوام خود فیصلہ کرے گی کہ کون ان کے حقوق کے لیے کام کر رہا ہے اور کون انہیں مذہب کے نام پر بانٹ رہا ہے۔