کنیکا کپور کی تقریب میں شریک یو پی کے وزیر صحت کا معائنہ منفی

   

میں اور افراد خاندان محفوظ ہیں اور گھر پر قرنطینہ کی پابندی کررہا ہوں : جئے پرتاپ سنگھ
لکھنؤ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے وزیر صحت جئے پرتاپ سنگھ کے کورونا وائرس میں معائنے منفی پائے گئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بالی ووڈ گلوکارہ کنیکا کپور کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کی تھی اور اُن (کنیکا) کے کورونا وائرس ٹسٹ مثبت پائے گئے ہیں۔ اس اعلان کے فوری بعد 66 سالہ جئے پرتاپ سنگھ خود اپنی مرضی سے سب سے الگ تھلگ رہتے ہوئے گھر پر قرنطینہ اختیار کیا تھا۔ بعدازاں ان کے معائنے کروائے گئے جو منفی پائے گئے۔ کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) کے ترجمان ڈاکٹر سدھیر سنگھ نے کہا کہ ’اترپردیش کے وزیر صحت جئے پرتاپ سنگھ کے کووڈ۔19 معائنے منفی پائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 66 سالہ وزیر صحت کے رابطہ میں آنے والے 28 افراد کے معائنے بھی منفی پائے گئے ہیں۔ جئے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ’کووڈ۔ 19 کے لئے میرے تمام معائنے منفی پائے گئے ہیں اور میرے تمام ارکان خاندان کے معائنے بھی منفی رہے ہیں۔ سنگھ نے پی ٹی آئی سے کہا کہ انہیں کے جی ایم یو کے وائس چانسلر کا کال موصول ہوا جنہوں نے مطلع کیا کہ تمام معائنے منفی پائے گئے ہیں، تاہم انہیں اور ان کے افراد خاندان کو آئندہ 14 دن تک سب سے الگ تھلگ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔