سابق وزیر پونالہ لکشمیا کا الزام، کسانوں کے قرض معافی میں حکومت ناکام
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے پھر ایک مرتبہ کسانوں کو دھوکہ دیا ہے ۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے سبب کسان مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ ا خباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہا کہ زرعی کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے انتخابات کا عجلت میں اعلان کیا گیا ۔ کسانوں کو اس سلسلہ میں کوئی اطلاع دیئے بغیر اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔ بلدی انتخابات کے بعد کے سی آر کوآپریٹیو ادار وں پر پارٹی کا قبضہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت یا تبدیلی کی کوئی اجازت نہیں دی گئی ۔ کے سی آر انتخابی بے قاعدگیوں کا پھر ایک بار مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ کوآپریٹیو سوسائٹیز کے انتخابات میں حقیقی کسانوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ٹی آر ایس کے دوبارہ برسر اقتدار آنے کے بعد 14 ماہ گزر گئے لیکن آج تک قرض معافی اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی ۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں کسانوں کی بھلائی کے بجائے مسائل میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کسانوں کی بھلائی اور انتخابی وعدوں کی تکمیل پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا ۔