صدر نشین سنگارینی کالریز کمپنی این سریدھر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی لمٹیڈ مسٹر این سریدھر نے جاریہ سال یعنی ماہ اکٹوبر کے دوران سلسلہ وار شدید بارش کے نتیجہ میں سنگارینی کالریز کمپنی میں کوئلہ کی پیداوار کافی متاثر رہنے کے علاوہ کوئلہ کی حمل و نقل میں حائل ہوئی رکاوٹوں کے پیش نظر اب ماہ نومبر سے اپنے مقاصد کو اور مقررہ پیداواری نشانہ کو پورا کرنے کی پوری پوری کوشش کرنے کی متعلقہ عہدیداران سنگارینی کالریز کمپنی کو ضروری ہدایات دیں ۔ سنگارینی کالریز کمپنی کے ڈائرکٹرس اور تمام ایریا جنرل منیجرس کے ساتھ منعقدہ ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر سنگارینی کالریز کمپنی مسٹر این سریدھر نے عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے خصوصی منصوبہ بندی کے ذریعہ سنگارینی کالریز کی جملہ پیداوار کے مطابق ہر روز دو لاکھ ٹن کوئلہ کی پیداوار کے علاوہ اتنی ہی مقدار میں کوئلہ کی حمل و نقل کو یقینی بنانے کی کوشش کرنے کی ہدایات دیں ۔ نئے اربن کاسٹ معدنی ذخائر سے کوئلہ کی پیداوار کو بہت جلد شروع کرنے کا عہدیداروں کو حکم دیتے ہوئے انہوں نے اڈیسہ ریاست میں سنگارینی کالریز کمپنی کی شروع کردہ نینی کوئلہ بلاک کے کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور نینی کے ساتھ نئے مختص کردہ نیویادرا پدا بلاک سے متعلق کاموں کو بھی مرحلہ وار اساس پر منصوبہ بند انداز میں مکمل کرنے کے اقدامات کی ہدایات دیں ۔۔