نئی دہلی : مرکزی وزیر برقی آر کے سنگھ نے آج کہا کہ دہلی میں برقی سربراہی کا کوئی بحران نہیں ہے۔ برقی کمپنیوں اور وزارتی عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ دو دن قبل دہلی کے وزیربرقی ستیندر جین نے انتباہ دیا تھا کہ قومی دارالحکومت دہلی کو آئندہ دو دنوں میں برقی کی قلت کا سامنا ہوسکتا ہے۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ برقی اسٹیشنوں پر اوسط کوئلے کے ذخائر موجود ہیں جو آئندہ 4 دنوں سے زیادہ رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس ضمن میں مرکزی وزیرکوئلہ و معدنیات پرہلاد جوشی سے رابطہ میں ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ دہلی کو مطلوبہ برقی سربراہ کی جارہی ہے جو جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں 65 تا 70 فیصد برقی کوئلہ پلانٹ کے ذریعہ تیار کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی قلت اور برقی بحران سے متعلق غیرضروری خوف و دہشت پیدا کی جارہی ہے۔