کوئمبتور میں مساجد پرحملوں کے بعد کشیدگی

   

کوئمبتور 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شہر کے بعض حصوں میں جمعرات کی صبح کشیدگی پیدا ہوگئی جب یہاں کی دو مساجد پر حملے کے واقعات پیش آئے۔ پولیس نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔ گنپتی علاقہ کی ایک مسجد پر پٹرول سے بھری بوتل پھینکی گئی اور کوائی پدور میں واقع ایک دیگر مسجد پر سنگباری کی اطلاعات ہیں۔ یہ واقعات شبہ ہے کہ ہندو منانی کے ایک ورکر پر چہارشنبہ کی رات مبینہ حملے کے جواب میں پیش آئے ہیں۔ ہندو اور مسلم دونوں تنظیموں کی جمعہ کو یہاں صبح سے شام تک بند منانے کی اپیل کی ہے تاکہ اِن واقعات کی مذمت کی جاسکے۔ ہندو منانی کے ڈسٹرکٹ سکریٹری ایم آنند پر بعض نامعلوم افراد نے جو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، چہارشنبہ کو شہر میں موافق سی اے اے دھرنا میں حصہ لینے کے بعد واپسی پر حملہ کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس کی بھاری جمعیت حساس علاقوں میں تعینات کردی گئی ہے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جاسکے۔ آنند کا گورنمنٹ ہاسپٹل میں علاج جاری ہے۔ دونوں واقعات کے سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں۔