کوئمبتور میں مندروں کے باہر گوشت پھینکنے سے کشیدگی

   

کوئمبتور 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کوئمبتور میں دو مندروں کے باہر گوشت پھینکا ہوا پایا گیا جو سمجھا جاتا ہے کہ خنزیر کا ہے ۔ اس واقعہ کے بعد یہاں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ تفصیلات کے بموجب آج صبح مقامی افراد اور بھکتوں نے دیکھا کہ وینوگوپال سوامی اور راگھویندرا مندروں کے باہر گوشت پڑا ہوا ہے ۔ انہوں نے پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس فوری وہاں پہونچ گئی اور صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اضافی پولیس فورس کو متعین کردیا گیا ۔ کئی ہندو تنظیموں کے قائدین بھی وہاں پہونچ گئے اور انہوں نے خاطیوں کے خلاف کارراوئی کا مطالبہ کیا ۔ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے بی جے پی ٹاملناڈو سکریٹری وی سرینواسن نے خاطیوں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کہا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ ایک ٹو وہیلر پر آئے اور انہوں نے مندروں کے اندر خنزیر کا گوشت پھینکا اور فرار ہوگئے ۔ متعلقہ ڈی سی پی بالاجی سراونن بھی موقع پر پہونچ گئے اور ابتدائی تحقیقات کیں۔ علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ خاطیوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔پولیس کی جانب سے علاقہ میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے اور اضافی دستوں کو بھی وہاں متعین کردیا گیا ہے ۔