کوئٹہ : حکام کے مطابق کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر کیے گئے خودکش بم حملے میں 26 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں فوجی اہلکار اور ریلوے عملہ کے ارکان بھی شامل ہیں۔ پاکستان کے شمال مغربی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہفتہ کو ایک خود کش حملے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق خودکش بمبار نے یہ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب ریلوے اسٹیشن پر تقریباً ایک سو افراد کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کے انتظار میں تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مہلوکین میں ایک درجن فوجی اور 6 ریلوے اہلکار شامل ہیں۔ علیحدگی پسند گروپ بلوچستان لبریشن آرمی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش بمبار نے ریلوے اسٹیشن پر موجود فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ ممنوعہ عسکری گروپ بلوچستان لبریشن آرمی ایک طویل عرصے سے بلوچستان کی پاکستان سے علیحدگی کے لیے مسلح جدوجہد میں مصروف ہے۔ ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہاس دھماکے سے جائے حادثہ پر پلیٹ فارم کی آہنی چھت اور مختلف چائے خانوں کے اسٹالز کو نقصان پہنچا۔