خاندانی پارٹیوں کو سبق سکھایا جائے گا: مرکزی وزیر کشن ریڈی
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کبھی ٹی آر ایس کی دھمکیوں و مقدمات سے خوفزدہ نہیں رہی اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کے سی آر کو شکست سے کوئی طاقت روک نہیں پائے گی۔ میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف انتقامی کارروائی میں مصروف خاندانی پارٹیوں کو سبق سکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے صرف کے سی آر خاندان کی بھلائی ہوئی ہے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام سے عوام کا کوئی بھلا نہیں ہوا بلکہ صرف ایک خاندان نے اپنی بدعنوانیوں کے ذریعہ فائدہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے ہر شعبہ حیات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور انتخابی وعدوں کی تکمیل کو فراموش کردیا گیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ مرکز نے کبھی بھی دھان کی خریدی سے انکار نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیلف ہیلپ گروپس کو بقایاجات کی اجرائی سے حکومت انکار کررہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ مقدمات سے خوفزدہ ہوئے بغیر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں۔ ر