کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہوگی:نتن یاہو

   

فلسطین کو تسلیم کرنے پرمغربی قائدین کو وزیر اعظم اسرائیل کا پیام
تل ابیب ۔21؍ستمبر( ایجنسیز ) اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے مغربی ممالک کے قائدین سے کہا کہ کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔نیتن یاہو نے اتوار کے روز فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بعد برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کے قائدین کے نام ایک پیغام میں کہا کہ کوئی فلسطینی ریاست نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ ان قائدین کے لیے واضح پیغام ہے جو 7 اکتوبر 2023کو ہونے والے ہولناک قتل عام کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرتے ہیں- نتن یاہو نے کہا کہ آپ اس طرح دہشت گردی کو بہت بڑا انعام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے اردن کے مغرب میں کوئی فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی ۔ دوسری طرف حماس کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے ریاست کو تسلیم کرنا فلسطینیوں کے حقوق کی فتح ہے۔حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے اتوار کے روز برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کو سراہتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے حقوق کی فتح قرار دیا۔ بعد ازاں اتوار کو ایک بیان میں حماس نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے ساتھ عملی اقدامات بھی ہونا چاہیے۔