کوئی نوجوان ہی کانگریس کا نیا صدر بنے :باجوا

   

نئی دہلی،4جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس صدر راہول گاندھی کے عہدہ چھوڑنے کے واضح اعلان کے بعد پارٹی کے سینئر لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا نے کہا ہے کہ کانگریس صدر عہدے پر کسی نوجوان کو ہی بٹھایا جانا چاہئے ۔باجوا نے جمعرات کو یہاں کہا کہ ایسے نوجوان کو کانگریس کانیا صدر بنایا جانا چاہئے جسے ملک کی سبھی ریاستوں کی جغرافیائی،سماجی اور سیاسی صورت حال کی گہری سمجھ ہونے کے ساتھ ساتھ عالمی سیاست کی معلومات بھی ہو۔پارٹی کے نئے صدر میں یہ بھی خصوصیت ہونی چاہئے کہ اس میں ملک کے نوجوانوں کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں پارٹی میں جوڑنے کی صلاحیت ہو۔پنجاب کانگریس کے سابق صدر اور ریاستی کمیٹی کے رکن باجوا نے کہا کہ کون کانگریس کا نیا صدر ہوگا یہ تو پارٹی کی اعلی پالیسی ساز پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کو ہی طے کرنا ہے لیکن ان کی تجویز ہے کہ ملک کی ووٹر آبادی میں 18سے 40 سال کی عمر کے لوگوں کی تعداد 70فیصد ہے ۔ان کو اپنے حقمیں کرنے کے لئے نوجوان قیادت کی سخت ضرورت ہے ۔کوئی نوجوان لیڈر ہی اس نوجوان طاقت کو پارٹی سے بخوبی جوڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے نوجوانوں کو متوجہ کیا ہے اور اس کی پسند نوجوان زیادہ رہے ہیں۔کانگریس کو اگر بی جے پی سے مقابلہ کرنا ہے اور پانچ سال بعد پارٹی میں تبدیلی لانی ہے تو اس کے لئے اعلی تعلیم یافتہ اور موثر قیادت کی ضرورت ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ نوجوان قیادت کے پاس دنیا کی سیاست اور دیگر حالات کی اچھی معلومات ہونا ضروری ہے کیونکہ اس سے ہی نوجوان کانگریس سے جڑیں گے اور پارٹی بی جے پی کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوسکے گی۔
واضح رہے کہ گاندھی نے بدھ کو کہا تھا کہ وہ اب پارٹی صدر نہیں ہے اور کانگریس کو نیا صدر منتخب کرنا چاہئے ۔انہوں نے لوک سبھا میں پارٹی کی ہار کی ذمہ داری لیتے ہوئے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں 25مئی کو صدر کے عہدے سے استعفی دینے کی پیش کش کی تھی۔