کوئی وکیل کسی وزیر کو برطرف کرنے کا مشورہ نہیں دے سکتا: منیش تیواری

   

چنائی :تمل ناڈو کے وزیر سینتھل بالاجی کی گرفتاری کو لے کر مسلسل اٹھ رہے سوالات کے درمیان گورنر کے فیصلے نے سب کو حیران کر دیا۔ تمل ناڈو کے گورنر آر این روی نے گرفتار وزیر بالاجی کو وزراء کی کونسل سے برطرف کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ حالانکہ یہ فیصلہ پانچ گھنٹے کے اندر بدلنا پڑا لیکن راج بھون سے بتایا گیا کہ وزیر کو برطرف کرنے کے فیصلے کو کچھ وقت کے لیے روک دیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ گورنر اب اس معاملے پر اٹارنی جنرل سے مشورہ لیں گے۔ گورنر کے اس فیصلے کو لے کر کافی تنازعہ ہوا تھا اور اب کانگریس لیڈروں نے اس پر سوال اٹھائے ہیں۔نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق کانگریس کے سینئر لیڈر اور پیشے سے وکیل منیش تیواری نے گورنر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کو کوئی بھی ایسا مشورہ نہیں دے سکتا۔ کانگریس لیڈر تیواری نے کہا کہ تمل ناڈو کے گورنر کو برطرف کیا جانا چاہئے، کیونکہ کسی بھی وزیر کو اس وقت تک برطرف نہیں کیا جا سکتا جب تک ان پر الزامات ثابت نہیں ہو جاتے۔