کواڑی گوڑہ قبرستان پر ڈبل بیڈ روم کی تعمیر محض افواہ

   

قبروں کو منہدم کر کے مکانات تعمیر کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ، ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کی وضاحت
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر افزائش مویشیاں و سمکیات ٹی سرینواس یادو نے آج ایم ایل اے کوارٹرس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سوشیل میڈیا پر بعض افراد یہ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ کواڑی گوڑہ قبرستان کے قبروں کو منہدم کر کے وہاں حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر غلط اور افواہ ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ قبرستان کے قبروں کو منہدم کر کے وہاں ڈبل بیڈ روم تعمیر کرنے کا کوئی ارادہ یا منصوبہ نہیں رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پر ایک ایسے غریب اور پسماندہ 12 مسلم خاندان زندگی گزار رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ان کے لیے وہاں پر ایک ڈبل بیڈ روم تعمیر کر کے انہیں ڈبل بیڈ روم کے پٹہ جات کی فراہمی کے سلسلے میں گذشتہ وقف بورڈ کے صدر نشین اور ان کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ یہاں کا دورہ کیا گیا تھا اور وقف اراضی جو چند افراد کی جانب سے قبضہ کیا گیا تھا اسے قابضوں سے محفوظ کر کے ایک عالیشان ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا ہم نے مشورہ کیا تھا ۔ تاہم چند افراد کی جانب سے اس منصوبے کو غلط انداز سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ عوام میں پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے چند معززین کے ساتھ انہوں نے مذکورہ اراضی کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ یہاں پر قبریں نہیں ہیں ، بلکہ چند افراد اس اراضی پر قبضہ کرلیا ہے ۔ اس لیے حکومت نے اس اراضی کو قابضوں سے آزاد کرا کر یہاں پر رہنے والے 12 غریب مسلم خاندان کو ڈبل بیڈ روم مکانات بنا کر ان کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ 2 ستمبر کو یوم تلنگانہ کے موقع پر ہر جگہ ٹی آر ایس پارٹی کا پرچم لہرایا جائیگا ۔۔