نئی دہلی ۔4 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کوبی برائنٹ کی اچانک حادثاتی موت پر دل شکستہ ہو گئے اور انہوں نے کہا ہے کہ کوبی کی موت سب کے لیے ایک صدمہ ہے۔ کپتان ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوبی کی موت نے اْن کا دل توڑ دیا ہے۔ کوہلی نے کہا کہ کوبی کی موت کی خبر دل دہلا دینے والی تھی اور یہ اچانک ہونے والا حادثہ ہر ایک کے لیے ایک صدمہ ہے۔ کپتان نے کہا کہ ہم کھلاڑی بس اپنے کھیل کے بارے میں سوچتے ہیں کہ ہم کس طرح اِس گیند کو کھیلیں گے وغیرہ، اس کے ساتھ ہی ہم اپنی زندگی کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیتے ہیں۔ کوبی کی اچانک موت نے مجھے اِس سوچ میں ڈال دیا ہے کہ کیا زندگی اتنی پیچیدہ بھی ہوسکتی ہے۔ کوہلی نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہم اپنی زندگی کے ہر اْس لمحے سے لطف اندوز ہوں جس سے ہم گْزر رہے ہیں اور ہمارے لیے سب سے اہم چیز ہماری اپنی زندگی ہے۔ واضح رہے کہ کوبی اور اْن کی 13سالہ بیٹی گیانا سمیت 9 افرادایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔