دعوت افطار کو بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کرنے والوں کو شیخ ارشد کا ردعمل
حیدرآباد۔24مارچ(سیاست نیوز) کانگریس اقلیتی سل گریٹر حیدرآباد چیرمن شیخ ارشد نے گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں پچھلے دس سال میں اقلیتوں او ربالخصوص مسلمانو ں کے ساتھ ناانصافی اور حق تلفی کا تماشہ دیکھنے والے آج چیف منسٹرریونت ریڈی کی دعوت افطار کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دس سال میں تعلیم کے نام پر اقلیتی طلباء وطالبات کا استحصال کیاجاتا رہا اور مسلم اساتذہ کے تقرر میں بھی دھاندلیاں ہوتی رہیں۔ اقامتی اسکولوں میںبربریت کا سلسلہ جاری رہا اس کے باوجود کبھی بھی دعوت افطار کے بائیکاٹ کا اعلان نہیں کیاگیا مگر اب کچھ کوتاہ ذہن سیاسی قائدین کانگریس حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش میں حکومت تلنگانہ کے دعوت افطار کے بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں۔شیخ ارشد نے کہاکہ مساجد شہید کرنے پر خاموش تماشائی بنے رہنے والے مفاد پرست سیاسی قائدین کو محض دیڑھ سال میں کانگریس حکومت کی خامیاں نظر آنے لگی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت نے محض دیڑھ سال کے عرصہ میںاقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لئے جو کام انجام دئے ہیں وہ پچھلے دس سالوں میںبھی نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتی تعلیمی اداروں میں تعلیمی نظام کو معیاری بنانے سے لے کر اورسیز اسکالر شپ اسکیم کا اپگریڈ کرنا ہو یا پھر شہر حیدرآباد میں جو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ اندرا ما ہاوز نگ اسکیم کے تحت مکانات کی فراہمی‘ خواتین کے اکاونٹس میں پیسے ‘ بس میں فری سفر کی سہولت ‘ دو سو یونٹ مفت برقی کی سربراہی ‘ اور عثمانیہ جنرل اسپتال کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میںکانگریس حکومت کا ہی کارنامہ ہے ۔ تلنگانہ کے مسلم اقلیت کانگریس پارٹی کو پورا یقین رکھتے ہیں ۔ تلنگانہ میں مسلمان کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں اور کانگریس پارٹی کو بدنا م کرنے کی تمام کوششیں رائیگاں جانے والی ہیں۔ چند ایک مفاد پرست لوگ ہی کانگریس پارٹی کے خلاف زہر اگلنے کاکام کررہے ہیں جن سے تلنگانہ کی مسلم اقلیت اچھی طرح واقف ہے۔