کوداڑ میں خوفناک سڑک حادثہ ‘ 7 افراد ہلاک

   

تین شدید زخمی ‘ لاری اور آٹو میں تصادم ‘ مقامی عوام میں خوف و دہشت اور رنج و غم کا ماحول

نلگنڈہ ۔ 14 ؍ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سوریاپیٹ کے کوداڑ میں لاری اور آٹو میں تصادم کی وجہ سے آٹو میں سوار 6 افراد برسرموقع ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے‘ دواخانہ میں ایک اور زخمی جانبر نہ ہوسکا ۔ آٹو میں سوار 9 کے منجملہ 7 افراد ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب کوداڑ مستقر کے ساکن چندامراو منڈل کے موضع توماڑا بنڈہ میں سری نام نومی تہوار میں شرکت کے لئے جاکر واپس آ رہے تھے کہ کوداڑ کراس روڈ پر بس کوعبورکرنے کے دوران مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار لاری کو ٹکر دے دی جس کی وجہ سے آٹو میں سوار9 افراد میں 6 افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ مقامی افراد نے فوری تمام زخمیوں کو ایریا ہاسپٹل منتقل کر دیا جہاں پر ایک زخمی جانبر نہ ہوسکا ۔ مہلوکین کی 50 سالہ بی لکشمی کوداڑ ‘ 46 سالہ بی ناگاسلوچنا کوداڑ ‘ 48 سالہ شیخ عباس تمالہ موضع ‘ 45 سالہ این سوگنا ماتانگر ‘ 38 سالہ اے سید اماں کوداڑ ‘ 40 سالہ شیلجا کوداڑ (کھمم) 50 سالہ جی پدما کوداڑ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ حادثہ کی اطلاع پر کوداڑ رورل پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مہلوکین کو بغرض پوسٹ مارٹم ایریا ہاسپٹل منتقل کر دیا ۔ اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ اس حادثہ پر وزیر تعلیم مسٹر جی جگدیش ریڈی رکن اسمبلی کوداڑ ‘ بی ملیا یادو ‘ ٹی آر ایس حلقہ لوک سبھا امیدوار ‘ دیمی ریڈی ‘ نرسمہا ریڈی نے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ حادثہ کی وجہ سے کوداڑ مستقر پر عوام میں خوف دیکھائی دے رہا ہے ۔