کوداڑ میں 29.6 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ

   

دو کاریں بہہ گئیں، ایک ڈرائیور کی نعش دستیاب
حیدرآباد۔یکم۔ستمبر۔(سیاست نیوز) پڑوسی ضلع نلگنڈہ کے موضع کوداڑ میں 1979 کے بعد سے اب تک کی موسلادھار اور زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیا ت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ میں سب سے زیادہ موسلادھار اور انتہائی قلیل وقت میں ہونے والی بارش کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے کیونکہ 1979 کے بعد موضع کوداڑ میں پہلی مرتبہ اندورن 12گھنٹے 29.6 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ انتہائی تباہ کن ثابت ہوئی جس کے نتیجہ میں کئی تالابوں میں پانی جمع ہونے کے علاوہ شاہراہوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریاست تلنگانہ میں جاری بارش کے دوران ضلع نلگنڈہ میں ہوئی اس بارش کے سلسلہ میں محکمہ موسمیات کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ موضع کے کئی علاقے زیر آب آچکے ہیں لیکن محکمہ مال اور سرکاری مشنری کی چوکسی کے نتیجہ میں کوئی ناگہانی واقعہ کی کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ ہفتہ کی رات دیر گئے موسلادھار بارش کے دوران کوداڑ میں بھارتی پبلک اسکول کے قریب دو کاریں پانی کے بہاؤ میں بہہ جانے کی اطلاعات ہیں اور ان میں ایک کار ڈرائیور این روی کے پانی میں بہہ جانے سے موت واقع ہوگئی ہے جس کی نعش اتوار کی صبح کافی فاصلہ پر دستیاب ہوئی ۔ کوداڑ بلدیہ کے نشیبی علاقو ں میں پانی جمع ہونے کی شکایات کے ساتھ ہی ایمرجنسی عملہ نے پولیس اور دیگر فورسس کی مدد حاصل کرتے ہوئے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کویقینی بنایا اور پانی میں پھنسے ہوئے افراد کو بچانے کے لئے فوری طور پر راحت کاری اقدامات کا آغاز کیاگیا جس کے نتیجہ میں کئی لوگوں کو نشیبی علاقوں سے محفوظ مقامات کو منتقل کیا جاسکا۔3