کودنڈا رام گریجویٹ زمرہ کی کونسل نشست کیلئے امیدوار

   

حیدرآباد۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے کودنڈا رام کی امیدواری کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔ نلگنڈہ، ورنگل اور کھمم اضلاع پر مشتمل کونسل کی نشست کیلئے پر مقابلہ کیلئے وہ دیگر جماعتوں کی تائید کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے نائب صدر پروفیسر ٹی ایل ویشویشور راؤ نے کہا کہ کودنڈا رام نلگنڈہ ضلع میں ملازمین، گریجویٹس، طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ ملاقاتیں کررہے ہیں۔ اس طرح انہوں نے اپنی انتخابی مہم شروع کردی ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے ایک لاکھ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر عدم تقررات کو اہم انتخابی موضوع بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امیدواری کے اعلان سے قبل پارٹی نے کانگریس، تلگودیشم، سی پی آئی، سی پی ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے کودنڈا رام کی تائید کی اپیل کی تھی تاکہ انہیں متفقہ امیدوار کے طور پر پیش کیا جاسکے۔