کورناپازیٹیو شخص کی کلکٹر و جوائنٹ کلکٹر سے ملاقات پر عہدیداروں میں خوف

   

دونوں عہدیداروں کا ٹسٹ کروانے کی تیاری، نرمل ضلع میں لاک ڈاؤن میں سختی
حیدرآباد ۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) کوروناوائرس کے پازیٹیو متاثرہ شخص کی کلکٹر اور جوائنٹ کلکٹر ضلع نرمل سے ملاقات کرنے کے بعد سرکاری عہدیداروں میں ڈروخوف پیدا ہوگیا ہے۔ کلکٹر و جوائنٹ کلکٹر کا بھی ٹسٹ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ نرمل میں کل کوروناوائرس کے 5 پازیٹیو کیسیس درج ہوئے ہیں جس شخص کا ٹسٹ پازیٹیو آیا ہے وہ تین دن قبل کلکٹر آفس پہنچ کر کلکٹر مشرف علی فاروقی سے ملاقات کی تھی۔ اسی دن اس شخص کا ٹسٹ پازیٹیو برآمد ہوا ہے۔ جس کے بعد عہدیداروں میں بے چینی دیکھی جارہی ہے اور کلکٹر مشرف علی فاروقی اور جوائنٹ کلکٹر بھاسکر راؤ کا بھی ٹسٹ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ضلع نرمل میں کوروناوائرس کو کنٹرول کرنے کیلئے 5 روزہ مکمل لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ضلع نرمل میں پازیٹیو کیس کی تعداد میں اضافہ ہونے اور ان سے رابطے میں رہنے والوں کو پازیٹیو ٹسٹ رپورٹس وصول ہوئے ہیں جس کے بعد ضلع نرمل میں 11 کنٹیمنٹ زونس کی نشاندہی کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔