لکھنؤ13مارچ(سیاست ڈاٹ کام )کرونا وائس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدبیر کے طور پر اترپردیش حکومت نے جمعہ کو ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کو 22 مارچ تک بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ‘‘اس ضمن میں پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ریاست نے ڈیڑھ مہینے قبل ہی اس ضمن میں تمام احتیاط تدابیر کرلئے تھے ۔اوروائرس سے بچاو کے لئے صرف عوام الناس میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ساتھ ہی انہوں نے ‘پرہیزعلاج سے بہتر ہے ’کوٹیشن کا بھی حوالہ دیا۔کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ریاست میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں افسران کے ساتھ ہوئی ایک میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں ‘وبائی ایکٹ’ کو نافذ نہیں کیا گیا ہے لیکن اس کے اختیارات ریاست کے تمام شعبوں کو دئیے گئے ہیں اور جلد ہی نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ احتیاطی تدبیر کے طور پر تمام تعلیمی اداروں کو 22 مارچ تک بند کردیا گیا ہے لیکن اسکول و کالجز جہاں پر امتحانات چل جارہے ہیں وہ جاری رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پرائمری گورنمنٹ اسکولوں میں اگلے ہفتے ہونے والے امتحان کو ملتوی کردیا گیا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ 20 مارچ کو ہم دوبارہ جائزہ میٹنگ کریں گے اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد آگے کا فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سنیماہال اور مالس کو بند کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ایسے فیصلوں سے عوام میں خوف پیدا ہوگا۔وزیر اعلی نے محکمہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی طور پر کئے گئے اقدامات کی تفصیلی جانکاری فراہم کی۔