کورونا:’ریمیڈیسیور‘کے ٹرائل کے نتائج حوصلہ افزا

   

واشنگٹن،16اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ہفتہ امریکہ میں نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19۔ کے شکار افراد کے لئے تجرباتی دوا ‘ریمیڈیسیور’ کے ایک ٹرائل کے نتائج میں اسے مرض کے حوالہ سے حوصلہ افزا قرار دیا گیا تھا۔اب کینیڈا کی البرٹا یونیورسٹی نے کہا ہے کہ یہ دوا نئے کورونا وائرس کو جسم کے اندر اپنی مزید نقول بنانے سے روکنے کے لئے انتہائی موثر ہے ۔‘جرنل آف بائیولوجیکل کیمسٹری’ میگزین میں شائع اسٹڈی میں اسی یونیورسٹی کے فروری کے آخر میں ہونے والی تحقیق کے نتائج کا ذکربھی کیا گیا جس میں بتایا گیا تھا کہ ریمیڈیسیور کس طرح ایک اور کورونا وائرس کے خلاف کام کرتی تھی۔اب نئی تحقیق میں شامل محققین کا کہنا تھا کہ ہم پرامید تھے کہ اسی طرح کے نتائج سارس کوو۔ 2 (نئے کورونا وائرس کا سائنسی نام) کے خلاف بھی نظر آئیں گے ۔اس تحقیق میں بتایا گیا کہ کس طرح یہ دوا نئے وائرس کے خلاف کام کرتی ہے اور تفصیلات میں جاکر واضح کیا گیا کہ کس طرح اس نے وائرس کے جینوم کے پولیمرز کو ہدف بنایا۔محققین کا کہنا تھا کہ اگر آپ پولیمرز کو ہدف بناتے ہیں تو وائرس پھیل نہیں سکتا، تو یہ علاج کے لئے منطقی ہدف ہے ۔