کوروناسے متاثرہ جی ایچ ایم سی کے ملازمین کو مکمل تنخواہ کی ادائیگی

   

حیدرآباد۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کورونا سے متاثرہ ملازمین کو اس وقت راحت ملی جب کارپوریشن نے انہیں علاج اور ہوم آئسولیشن کی غیر حاضری کو ڈیوٹی میں شمار کرتے ہوئے مکمل تنخواہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حال ہی میں کارپوریشن نے کورونا کا شکار ہونے والے ہوم آئسولیشن یا زیر علاج ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایسے ملازمین کی تعداد 200 سے زائد ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کے باوجود لاک ڈاؤن کے دوران کارپوریشن کے 18000 صفائی ورکرس روزانہ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کورونا سے اب تک 20 صفائی ورکرس کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ 200 سے زائد گزشتہ دو ماہ میں کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ وہ ہوم آئسولیشن یا پھر مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔ اگرچہ انہوں نے متعلقہ سرکل اور زونل آفسیس میں علاج کے بارے میں واقف کرایا ہے تاہم حکام نے تنخواہوں کی ادائیگی سے انکار کیا تھا۔ اس سلسلہ میں جب یہ معاملہ حکومت کے اعلیٰ حکام تک پہنچا تو کمشنر جی ایچ ایم سی کو مکمل تنخواہ ادا کرنے کی ہدایت دی گئی۔ واضح رہے کہ کورونا کی پہلی اور دوسری دونوں لہر کے دوران گریٹر حیدرآباد کے حدود میں صحت و صفائی کے انتظامات میں صفائی ورکرس کی خدمات نمایاں رہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔