ہندوستان دنیا کی فارمیسی ، حالات سے نمٹنے کی صلاحیت موجود: نرملا سیتارمن
نئی دہلی :مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ایک تقیرب سے خطاب کے دوران بڑھتے کورونا کیسز کو لے کر پریشان نہ ہونے کی بات کہی ہے۔ انھوں نے بھروسہ دلایا کہ اگر کووڈ کے معاملے بڑھتے ہیں تو ملک اس سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انھوں نے چنائی میں ‘ ڈاکٹر ایم جی آر میڈیکل یونیورسٹی’ کے پینتیسویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔نرملا سیتارمن نے کہا کہ ملک کووڈ معاملوں میں اضافہ ہونے کی حالت میں اس سے نمٹنے کے لیے ‘بہتر حالت’ میں ہے۔ ہندوستان کو ‘دنیا کی فارمیسی’ کی شکل میں پہچان ملی ہے کیونکہ ملک سستی قیمت پر عالمی سطح کی دوا ئیں تیار کرتا ہے۔ ایسے میں کورونا کیسز بڑھتے ہیں تو ملک کے پاس وہ صلاحیت ہے کہ اس سے مقابلہ کیا جا سکے۔اس موقع پر مرکزی وزیر مالیات نے کہا کہ ہندوستان دنیا بھر کی جینرک دواؤں کی طلب کو پورا کرنے میں اعلیٰ مقام رکھتا ہے۔ ہندوستان کی مضبوطی کا اندازاہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ افریقہ میں جنرک دواؤں کی مجموعی طلب کا تقریباً 50 فیصد، امریکہ کی جنرک دواؤ کا 40 فیصد اور برطانیہ کی سبھی دواؤں میں سے 25 فیصد کی سپلائی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ انھوں نے کہا کہ ہندوستان ضروری ٹیکہ کاری منصوبوں کے لیے تقریباً 60 فیصد عالمی ٹیکوں اور عالمی ادارۂ صحت کے ضروری ٹیکہ کاری منصوبوں کے لیے 70 فیصد ٹیکوں کی مینوفیکچرنگ کرتا ہے۔