کوروناوائرس :دنیا بھر میں 35.77لاکھ افراد متاثر، 2.45 لاکھ ہلاکتیں

   

بیجنگ / جنیوا / نئی دہلی 4مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کورنا وائرس (کوویڈ۔ 19) کی وبا رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور اس سے دنیا بھر میں اب تک 2،45،791 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 34،77،361 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے ۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 42533 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 1373 لوگوں کی جانیں گئی ہیں۔ ملک میں اب تک 11707 لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اوریہیں سب سے زیادہ اموات بھی ہوئی ہیں. دنیا کی سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 11،57،945 سے زیادہ افراد متاثر اور 67680 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں ۔یوروپ میں سب سے شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا سے اب تک 28884 افراد کی موت ہو چکی ہے اور جبکہ 210717 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین کووڈ -19 کے انفیکشن سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 217466 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 25264 لوگوں کی اس وبا سے موت ہو چکی ہے ۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82877 افراد متاثر ہوئے ہیں اور4633 اموات ہوئی ہیں۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔اس درمیان، کورونا وائرس سے انفیکشن اور موت کے معاملے میں یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہوچکے ہیں۔ فرانس میں اب تک 168518 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 24895 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 162496 افراد متاثر ہوئے ہیں اور6649 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔