کوروناوائرس کا قہر طویل عرصے تک جاری رہے گا

,

   

دنیا بھر میں مہلک وباء سے تاحال 1.82 لاکھ ہلاک، 26.22 لاکھ متاثر
کورونا وائرس کو صحیح وقت پر وبا قرار دیا: ڈائرکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او کا بیان

جنیوا۔ 23اپریل (سیاست ڈاٹ کام)) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ کو ‘انتہائی خطرناک’ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کی قہرکی طوالت جاری رہے گی۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائرکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریسس نے کووڈ -19 پر باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران چہارشنبہ کو کہا کہ مختلف علاقوں اور خطوں میں یہ وبا مختلف مراحل میں ہے ۔ ایک ہی علاقے کے اندر یہ مختلف قسم کی شکل میں ہے ۔ مغربی یوروپ میں یا تو اس نئے معاملات میں استحکام آ گیاہے یا وہ کم ہو رہے ہیں. افریقہ، مشرقی اور جنوبی امریکہ اور مشرقی یوروپ میں کیس کم ہیں لیکن تشویشناک طور پر بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا‘‘زیادہ ترممالک میں یہ وبا ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے ۔ کچھ ممالک میں جہاں یہ بہت پہلے آئی تھی وہاں دوبارہ اس کی غضبناکی بڑھ رہی ہے ۔ ہمیں کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ۔ ہمیں طویل راستہ طے کرنا ہے ۔ یہ وائرس طویل عرصہ تک ہمارے درمیان رہنے والا ہے ’’۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ لاک ڈاؤن اورسوشل ڈسٹنسنگ سمیت دیگر اقدامات سے کئی ممالک میں اس کے انفیکشن کو سست کرنے میں کامیابی ملی ہے ،

لیکن یہ وائرس ’انتہائی خطرناک‘ ہے ۔اس بات کے کافی ثبوت ہیں کہ دنیا کی زیادہ تر آبادی میں اس انفیکشن کا خطرہ ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس کی غضبناکی دوبارہ بڑھ سکتی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے صحیح وقت پر کورونا وائرس کو عالمی وبا قراردیا تھا۔مسٹر ٹیڈروس نے کہا‘‘اگر ہم حالات کو دیکھیں تو ہم نے صحیح وقت پر کورونا وائرس کو عالمی وبا قراردیا اور دنیا کو اس سے نمٹنے کے لئے وقت ملا’’۔قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال سے نمٹنے کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کی گزشتہ چند دنوں میں کافی تنقید ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سلسلہ میں ڈبلیو ایچ او کو دی جانے والی رقم بھی روک دی تھی۔ڈبلیو ایچ او نے گزشتہ 11 مارچ کو کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا تھا۔ مسٹر ٹئڈروس نے کہا ’’تقریبا تین ماہ ہونے والے ہیں اور تب چین سے باہر صرف 82 کیسز ہوئے تھے اور کوئی موت نہیں ہوئی تھی‘‘۔انہوں نے کہا’’یہ صرف ڈائرکٹر جنرل کا فیصلہ نہیں تھا بلکہ دنیا بھر کے تمام ماہرین نے غور و خوض کرنے کے بعد اس پر فیصلہ لیا تھا‘‘۔ واضح رہیکہ عالمی وبا کورونا وائرس ‘ کووڈ -19’ کا قہر تیزی سے بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب تک دنیا کے بیشتر ممالک میں اس وبا سے ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور 26.22 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں ۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای ) کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر26,63762 لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 1,82,818ہو گئی ہے ۔