کوروناوائرس :کشمیر۔پنجاب سرحد پر اسکریننگ کیمپ قائم

   

جموں۔ 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کورناوائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر جموں کے ضلع کٹھوعہ کے لکھن پور علاقے میں جموں کشمیر۔ پنجاب سرحد کے چیک اسٹیشنوں پر اسکریننگ کیمپ قائم کئے گئے ہیں جن میں مسافروں سے ملک اور ملک سے باہر کئے گئے سفروں کے بارے میں استفسار کیا جاتا ہے ۔ان چیک اسٹیشنوں پر جموں کشمیر پولیس، محکمہ صحت کے ساتھ مل کر مسافروں بشمول ویشنو دیوی یاتریوں اور دوسرے سیاحوں سے ان کے ملک اور ملک کے باہر کئے گئے سفروں کے بارے میں استفسار کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کو بھی روکا جاتا ہے اور پولیس جموں کشمیر کا سفر کرنے والے لوگوں کے ساتھ کروناوائرس کے بارے میں مختصر گفتگو بھی کرتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص میں اس فلو کی علامات پائی جاتی ہیں اس کو وہیں سکریننگ کیمپ میں منتقل کیا جاتا ہے اور ٹیسٹ مثبت آنے پر اس کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کٹھوعہ میں ایک علاحدہ وارڈ میں داخل کیا جاتا ہے تاہم فی الوقست کسی بھی مسافر کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی شہریوں کے علاوہ کچھ غیر ملکی شہریوں کے بھی ان ہیلتھ سینٹروں میں ٹیسٹ کئے گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ جموں کشمیر- پنجاب سرحد پر پلے کارڈس، پوسٹر اور بینر لگائے گئے ہیں جن پر لکھا گیا ہے کہ جو لوگ مذکورہ ممالک سے آرہے ہیں وہ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ادھر جموں کشمیر انتظامیہ نے منگل کے روز کہا کہ یونین ٹریٹری کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاہم یہاں اکیس مشتبہ کیسوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے کسی کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے ۔