لاس اینجلس ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے انڈین ویلس ٹورنمنٹ جوکہ کیلیفورنیا میں منعقد شدنی تھا، اسے کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے اور یہ وبائی مرض کی وجہ سے منسوخ ہونے والی امریکہ میں تاحال سب سے بڑا ٹینس ٹورنمنٹ ہے۔ سال کے 4 گرانڈ سلام کے بعد سب سے بڑے ٹورنمنٹ میں شمار کئے جانے والے انڈین ویلس کا چند دنوں میں آغاز ہونے والا تھا لیکن کوروناوائرس کی وجہ سے اس ٹورنمنٹ کو اب ملتوی کردیا گیا ہے۔ عہدیداروں نے صحافتی بیان میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیلیفورنیا کے شعبہ صحت نے یہاں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ سخت حالات کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔ مقامی علاقوں میں کوروناوائرس کے کئی مریضوں کی توثیق ہوئی ہے لیکن اس کے متعلق مزید تفصیلات کا جاری نہیں کی گئی ہیں۔ منتظمین نے کہا ہیکہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی نے ابتداء میں کھلاڑیوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے متعلق رہنمایانہ اصول جاری کئے تھے لیکن وائرس کے پھیلاؤ اور مقامی علاقوں میں مریضوں کی توثیق کے بعد ٹورنمنٹ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنمنٹ منسوخ ہونے کے بعد ان تمام افراد کو پیسے واپس کئے جائیں گے جنہوں نے ٹکٹ حاصل کی تھی۔