عالمی سطح پر ہندوستانی میڈیا اور حکام کے رویہ پر تشویش
نئی دہلی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں کوروناوائرس وباء کیلئے تبلیغی جماعت کو ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس وائرس کو مسلمانوںسے جوڑ کرملک میں ان کے خلاف نفرت پیدا کی جارہی ہے۔ عالمی سطح پر اس طرح کی مہم پر تشویش ظاہر کی گئی خاص طور پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا جس کا سلسلہ جاری ہے۔ ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ میں ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا کہ مسلم مشنری گروپ تبلیغی جماعت مسلسل یہ کہہ رہی ہیکہ اس وباء کیلئے غیرمنصفانہ طور پر انہیں ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔ تبلیغی جماعت کے دہلی میں رہنے والے ایک رکن محمد اشرف کہتے ہیں کہ تبلیغی جماعت والوں کو ایسے نشانہ بنایا جارہا ہے جیسے تمام ہندوستانی صرف ہمارے باعث ہی کووڈ۔19 سے متاثر ہورہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ تبلیغی جماعت فی الوقت میڈیا پروپگنڈہ کی شکار ہے اور پولیس نے امیر جماعت پر جو الزامات عائد کئے ہیں اس کا مقابلہ عدالتوں میں کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہلی کے حضرت نظام الدین علاقہ میں 13-15 مارچ کو ہوئے تبلیغی جماعت کے احتجاج میں جن افراد نے شرکت کی ان میں 24 افراد کے کورونا ٹسٹ پازیٹیو آئے ہیں۔ نئی دہلی انتظامیہ کا دعویٰ ہیکہ دارالحکومت میں 1561 کیسیس میں سے 1080 کیسیس کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جبکہ ان سے جڑے 25,500 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا۔