کوروناوائرس کے پھیلاؤ کیلئے – کسی بھی طبقہ پر تہمت نہ لگائیں

,

   

ٹی وی چینلوںپر مسلمانوں کیخلاف الزامات
کے بعد حکومت کی ایڈوائزری جاری

نئی دہلی ۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے کوویڈ ۔ 19 وباء کے پھیلاؤ کیلئے کسی ایک طبقہ پر تہمت لگانے کے خلاف ایڈوائزری جاری کی۔ حکومت نے عوام پر زور دیا کہ وہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کیلئے کسی طبقہ یا علاقہ پر لیبل نہ لگائیں۔ سماجی طبقہ پر کسی کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ دہلی کے نظام الدین علاقہ میں تبلیغی جماعت ہیڈکوارٹر پر کوروناوائرس کے کیسیس سامنے آنے کے بعد عوام میں خاص کر سوشل میڈیا کے ذریعہ مسلم طبقہ کو نشانہ بناتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کیلئے ان پر الزام عائد کیا جارہا ہے۔ وزارت صحت کی ویب سائیٹ پر حکومت کی یہ اڈوائزری پوسٹ کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہیکہ وبائی امراض کے پھوٹ پڑنے کے دوران صحت عامہ کا مسئلہ ہنگامی نوعیت کا ہوجاتا ہے۔ اس سے خوف و اضطرابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ عوام اور طبقات کے خلاف کسی بھی قسم کی رائے زنی کے تبصرے غلط بات ہے۔ اس سے سماجی دوری اور نفرت پیدا ہوتی ہے۔ اس طرح کا رویہ غیرضروری سماجی اختلافات کو بڑھاوا دیتا ہے۔ سماج میں بے چینی اور خوف و ہراس پیدا ہوسکتی ہے۔ حکومت نے کوروناوائرس کے پھوٹ پڑنے کے پیش نظر عوام کو کیا کرنا چاہئے، کیا نہیںکرنا چاہئے کی ایک فہرست بھی پوسٹ کی ہے۔ حکومت نے کہا ہیکہ عوام کسی بھی ہیلت کیر عملہ کو اور صفائی کرمچاریوں کو یا پولیس کو نشانہ نہ بنائیں۔ یہ لوگ آپ کی خدمت اور آپ کی مدد کیلئے ہیں۔ حکومت نے عوام سے کہا ہیکہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے بعد کسی خاص طبقہ کو ہراساں کرنا مناسب بات نہیں ہے۔ اس وائرس سے نمٹنے والے عملہ کو بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔ حکومت نے ملک میں ہونے والے واقعات کا حوالہ دیا جہاں مختلف مقامات پر ہیلت عملہ اور پولیس پر حملہ کئے جارہے ہیں یہاں تک کہ کوروناوائرس سے صحتیاب ہونے والے افراد بھی اس طرح کے امتیازی سلوک کا شکار ہورہے ہیں۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور اس شعبہ سے وابستہ دیگر پروفیشنس پر بھی حملے کئے جارہے ہیں۔